ویب ڈیسک: پڑھنے لکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، انسان جب تک اس دنیا میں موجود ہے اسے علم کا حصول جاری رکھنا چاہیے ، اس بات کو امریکی خاتون نے سچ ثابت کردیا ہے۔
کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اور اگر یہ شوق تعلیم کے حصول کا ہو اور اس میں جستجو اور لگن بھی شامل ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اس شوق کو پورا ہونے سے نہیں روک سکتی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خاتون نے تعلیم کے شوق کو پورا کرنے کے لیے بالآخر 89 سال کی عمر میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کرلی۔معمر خاتون ڈانوین نے امریکا کی سدرن نیو ہیمپشائر یونیورسٹی سے کریٹیو رائٹنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔
ڈانوین کے مطابق انہوں نے 16 سال کی عمر میں ہائی اسکول مکمل کیا لیکن ان کے والدین کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ انہیں کالج کی تعلیم دلاسکیں اس لیے ایک مقامی کالج سے کچھ کورسز کیے تاہم شادی کے بعد ان کی تعلیم مکمل نہ ہو سکی۔ امریکی خاتون نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کے گھر سے دور جانے کے بعد 84 سال کی عمر میں یونیورسٹی سے 4 سالہ بیچلر ڈگری مکمل کی،اس کے بعد سوچا کہ کیوں نہ تعلیم کو جاری رکھا جائے اور اب بالآخر ماسٹرز ڈگری حاصل کرلی ہے۔