عثمان الیاس: لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حامد خان گروپ نے میدان مار لیا۔ راؤ سمیع بھاری اکثریت سے بار کے صدر منتخب ہو گئے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے فرہاد علی شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے صبح 9 سے شام 5 بجے تک پولنگ ہوئی۔ حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار راؤ سمیع خان 4431 ووٹ لے کرصدر منتخب ہوگئے۔ ان کے مدمقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے سید فرہاد علی شاہ 2270 ووٹ لے سکے۔ راؤ سمیع خان کی جیت پر حامی وکلا نے ہوائی فائرنگ کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
الیکشن بورڈ چیئرمین عمران مسعود نے دیگر کامیاب امیدواروں کا بھی اعلان کیا۔ جس کے مطابق نائب صدر کی نشست پر ماڈل ٹاؤن کچہری سے احسان نواب 3262 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، نائب صدر کینٹ کچہری سے شفقت امین سندھو 3104 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔
سیکرٹری کی نشست پر عمار یاسر کھوکھر نے 1557 ووٹ کے ساتھ کامیابی سمیٹی جبکہ لائبریری سیکرٹری کی نشست پر صوفی عتیق خان 4645 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔
پنجاب بار کونسل نے جشن کے دوران وکلا کی ہوائی فائرنگ پر پابندی لگائی تھی، تاہم کالے کوٹ والوں نے ان احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔ ہوائی فائرنگ سے ایوان عدل کے درودیوار گونج اٹھے۔ کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے بھرپور جشن منایا۔