درنایاب : ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کا مختلف رہائشی سکیموں کا دورہ ، قواعد و ضوابط کے مطابق سکیموں کی ڈویلپمنٹ کا جائزہ لیا اور ایکوفر چارجز کی ادائیگی کا ریکارڈ چیک کیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے عبدالستار ایدھی روڈ پر واقع پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن ون اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سوسائٹی کا دورہ کیا ۔ چیف میٹروپولیٹن پلانر سید محمد ندیم اختر زیدی اور متعلقہ ڈائریکٹرز بھی ہمراہ تھے ۔ ڈی جی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں سڑکیں طے شدہ معیار کے مطابق تعمیر کی جائیں اور پارک ڈویلپ کئے جائیں-
ڈی جی نے کہا کہ مفاد عامہ اور دیگر مقاصد کے لئے مختص پلاٹوں کا درست استعمال یقینی بنایا جائے- ڈی جی نے ایکوافر چارجز کی وصولی اور واٹر پمپنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا،ریکارڈ چیک کیا۔ڈی جی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں منظور شدہ تعداد سے زیادہ اور غیر قانونی لگائے جانے والے واٹر پمپس کی نشاندہی کی جائے-
یاد رہے دوہزار بیس میں جہاں تلخ یادیں رہیں وہیں لاہور شہر کی ترقی کو روکنے کی سیاست کا بھی تبدیلی سرکار نے کھل کر مقابلہ کیا، لاہور ڈویپمنٹ اتھارٹی نے لاہور شہر میں چین کی معاونت سے پانچ سال سے زیر تعمیر ماضی کی حکومت کا دیرینہ پراجیکٹ اورنج لائن کو چلا کر بزدار سرکار نے اچھی روایت قائم کی۔
گلبرگ، کینٹ اور ڈیفینس کی گھمبیر ٹریفک کے لئے ستانوے کروڑ کی مالیت سے چھ ماہ میں لعل شہباز قلندر انڈر کو مکمل کرنے کا سہرا بھی بزدار سرکار کے سر ٹھہرا، واسا نے تیرہ کروڑ سے بارشی پانی کا سٹوریج ٹینک مکمل کیا۔
تین کروڑ سے زائد لاگت سے لاہور شہر کے ماتھے کا جھومر ٹھوکر نیاز بیگ کو بھی خوشنما بنایا اور گیٹ وے پراجیکٹ کو مکمل کردیا، دوہزار بیس میں جہاں پرانے اور نئے میگا منصوبے مکمل ہوئے وہیں شہر میں انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیمی منصوبوں پر مبنی ساٹھ ارب کا ڈویلپمنٹ پیکج بھی دیا جبکہ متوسط طبقے کے پینتیس ہزار گھرانوں کے لئے نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی۔