(نیبل ملک) برائلر چکن کے ریٹ میں 13 روپے اضافہ، قیمت 233 روپے کلو ہوگئی، فارمی انڈے 10 روپے کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں 200 روپے فی درجن تک فروخت ہورہے ہیں، جبکہ دیسی انڈے آج بھی 400 روپے فی درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق آج لاہور شہر میں برائلر کے ریٹ میں 13 روپے اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد نئی قیمت 233 روپے فی کلو ہو گئی، زندہ مرغی کے پرچون ریٹ میں 9 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 161 روپے فی کلو ہو گئی، فارمی انڈوں کے ریٹ میں 10 روپے کمی ہوئی جس کے بعد فی درجن انڈوں کی قیمت 186 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں فی درجن انڈے 200 روپے کے ہوگئے.
فارمی انڈوں کی پیٹی 300 روپے کم ہو کر 5 ہزار 460 روپے کی ہوگئی ہے، جبکہ دیسی انڈوں کی قیمت آج بھی 400 روپے فی درجن برقرار ہے، مچھلی بھی من مانے ریٹس پر فروخت کی جاتی رہی، بازار میں کالا رہو مچھلی 250 سے 300 روپے، کھگا مچھلی 300 روپے، ملہی مچھلی 500، سوھل مچھلی 1200اور پمفلٹ مچھلی 1400 روپے کلو تک فروخت ہوتی رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی فارمی انڈوں کی قیمت میں 10 روپے کمی واقع ہونے سے انڈوں کی ڈبل سنچری بھی ختم ہو گئی۔ فارمی انڈوں کی 30 درجن کی پیٹی میں بھی 300 روپے کمی واقع ہوئی ہے اور اب نیا ریٹ 5700 ہو گیا۔ دیسی انڈوں کی اونچی اڑان برقرار رہی اور 400 روپے فی درجن میں فروخت ہوتے رہے۔