چوری کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر گرفتار

8 Jan, 2021 | 03:21 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : بھارت میں ایک ٹک ٹاک سٹار کو اپنی دوست کے فلیٹ سے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ ٹک ٹاک سٹار 28سالہ ابھیمانیو گپتا ہے جس نے معروف ماڈل واداکارہ خوشبواگروال کے فلیٹ سے نقدی اور زیورات چوری کیے، جن کی مجموعی مالیت 5لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 10لاکھ 94ہزارپاکستانی روپے)تھی۔ پولیس نے ملزم کو 2جنوری کو حراست میں لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم اور خوشبواگروال کے درمیان چند سال قبل انسٹاگرام کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔ ملزم کے پاس فلیٹ نہیں تھا۔ اس نے خوشبوسے درخواست کی تھی کہ جب تک وہ اپنا فلیٹ کرائے پر نہیں لے لیتا، اسے اپنے فلیٹ میں رہائش دے دے۔ خوشبو نے اسے اپنے فلیٹ میں رہنے کی اجازت دے دی۔ اسی دوران اس نے فلیٹ سے خوشبو کے زیورات اور نقدی چرا لی۔ 
 
اداکارہ خوشبو نے پولیس کو درج کرائی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ”میں نے گپتا کو ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع اپنے فلیٹ میں رہنے کی اجازت دی۔ میں 18سے 22دسمبر کے دوران کام کے سلسلے میں ملک سے باہر رہی۔ اس دوران میری غیرموجودگی میں اس نے میری گھر سے زیورات اور نقدی چوری کر لی۔ مجھے یکم جنوری کو چوری کا علم ہوا جب میں نے زیورات چیک کیے۔“ 

رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ زیورات اور نقدی برآمد بھی کر لی ہے۔ملزم نے یہ اشیاءاپنی بائیک کی سیٹ کے نیچے چھپا رکھی تھیں۔ ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے رقم کی اشد ضرورت تھی جس کی وجہ سے اس نے چوری کی۔ واضح رہے کہ ملزم 2011ءکے بعد سے اسی طرح کے جرائم میں ممبئی اور نوی ممبئی میں کئی بار گرفتار ہو چکا ہے۔ اس نے 2018ءمیں ایک عمر رسیدہ جوڑے کے گھر سے زیورات، موبائل فون اور نقدی چوری کی تھی، جس کی مجموعی مالیت 4لاکھ 80ہزار بھارتی روپے تھی۔ 

مزیدخبریں