(سعدیہ خان)لاہورمیں یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں، موسم خشک اورمطلع صاف رہا، محکمہ موسمیات نے آئندہ دوہفتے کے دوران سردی اوردھند کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کردی۔
تفصیل کے مطابق بارش کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں دھند میں کمی آئی ہے، جبکہ مغربی ہواؤں نے لاہور کا رخ کر لیا ہے، دن کے اوقات میں درجہ حرارت 18 ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 5 رہنے کا امکان ہے، بارش کے بعد لاہور میں سردی کی شدت میں نسبتا کمی آئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے وسط میں دھند کی شدت میں اضافہ ہوگا۔جنوری کے آخری ہفتے میں بھی بارش کے امکانات ہیں، جبکہ آئندہ کچھ روز کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
ملک کے دوسرے شہر وں میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی،اسلام آباد میں موسم سرد مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، آج اسلام آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے،ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا،بالائی خیبر پختو نخوا، خطہ ٔپوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق بالائی خیبر پختو نخوا، خطہ ٔپوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔