(علی رامے) محکمہ بلدیات نے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں نیبر ہڈ کونسلز کی تعداد 280 سے بڑھا کر 450 کرنے کی تجویز وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی۔
تجاویز کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں نیبر ہڈ کونسلز کی تعداد 280 سے بڑھا کر 450 کر نے کا کہا گیا ہے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد میں 165 نیبر ہڈ کونسلز ہوں گی، میٹروپولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ میں 115، میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی میں 105 جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ملتان میں نیبر ہڈ کونسلز کی تعداد 105 ہوگی۔
ترامیم کے بعد دیہی علاقوں کے بلدیاتی اداروں کی تعداد 136 ہوگی جبکہ صوبہ بھر میں ویلج پنچایت کونسلز کی تعداد 21 ہزار 680 ہوجائے گی، شہری علاقوں کے بلدیاتی اداروں کی تعداد 319 جبکہ صوبہ بھر میں 3 ہزار 5 سو 38 نیبر ہڈ کونسلز تشکیل پائیں گی۔
محکمہ بلدیات نے تجاویز وزیر اعلیٰ کو پیش کیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیبنٹ کی میٹنگ میں خصوصی طور پر لاہور کے صوبائی وزراء کی سفارشات پر مزید ترامیم کا حکم دے دیا.