(حافظ شہباز علی) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کیلنڈر ایونٹس کا اعلان کردیا، اس سال بھی ملکی میدان غیر ملکی ٹیموں کی میزبانی سے محروم رہیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سال 2020 کے لئے سالانہ کیلنڈر کا اعلان کردیا۔
کیلنڈر میں سال بھر کسی غیر ملکی ٹیم کی پاکستان آمد کا کوئی ذکر نہیں ہے،اس سال پاکستان کی ٹیمیں سات مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیں گی، قومی ویمن جونیئر ہاکی ٹیم 6 سے 12 اپریل تک جاپان میں جونیئر ویمن ایشیا کپ میں حصہ لے گی، قومی جونیئر ہاکی ٹیم اپریل مئی میں ٹریننگ ٹور کرے گی، 11 سے 18 اپریل تک قومی ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کرے گی جبکہ جون جولائی میں قومی سینئر ٹیم ٹریننگ ٹور کرے گی۔
قومی جونیئر ٹیم 4 سے 12 جون تک ڈھاکہ میں جونیئرایشیا کپ میں حصہ لے گی ،قومی ہاکی ٹیم سال کا اختتام 17 سے 27 نومبرتک مینز ایشین چیمیئنز ٹرافی میں حصہ لے گی، قومی ٹیم کے ٹریننگ ٹور کے مقام اور میچز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ بین الاقوامی ایونٹس کے ساتھ ساتھ سال بھر ڈومیسٹک ایونٹس بھی جاری رہیں گے۔
ستمبر میں قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ ہوگی جبکہ اکتوبر میں پاکستان ہاکی سپر لیگ کروانے کا پھر اعلان کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ویمن ہاکی چیمپئن شپ اور انٹر کلب ٹورنامنٹس کو کیلنڈر کا حصہ بنایا گیا ہے۔