ایک اور منصوبہ خزانے پر بوجھ

8 Jan, 2019 | 06:43 PM

Arslan Sheikh

(عمران یونس) صوبائی حکومت نے سابقہ حکومت کے ایک اور منصوبے کو خزانے پر بوجھ قرار دے دیا، سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے روٹری پارکنگ سسٹم پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ صرف 12 گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 2 کروڑ کی مشین لگانا سمجھ سے بالاتر ہے، سابق حکومت نے جلدبازی اور منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے اجلت میں منصوبے بنائے جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا، انہوں نے مستقبل میں اس منصوبے کو ختم کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

عبدالعلیم خان نے پارکنگ کمپنی کو ہدایات جاری کیں کہ روٹری سسٹم کے بجائے پلازوں کی تعمیر کو اہمیت دی جائے، دوسری جانب شہر کے 6 مقامات پر مکینیکل روٹری پارکنگ مشینیں لگانے والے کنٹریکٹرز اپنے واجبات سے محروم ہیں۔

پارکنگ کمپنی کی جانب سے کمپنیوں کے تقریبا 6 کروڑ 10 لاکھ واجب الادا ہیں، ای ایس پی کمپنی نے اچھرہ میں پونے 2 کروڑ کی لاگت سے روٹری مشین نصب کی تھی اور آئی کون کمپنی نے سروسز ہسپتال، میو ہسپتال، اولڈ پی اینڈ ڈی بلڈنگ، ڈی سی آفس اور ہائیکورٹ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی فی مشین نصب کی تھی جو واجبات حاصل کرنے میں تاحال ناکام ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے اورنج ٹرین منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزیدخبریں