رانا فاران یامین: لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں لاہور موبائلز سکواڈ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 11 کلو گرام چرس برآمد کر لی ہے۔ ملزمان باپ بیٹی پر مشتمل گینگ کا حصہ ہیں، جنہوں نے پشاور سے لاہور منشیات کی سپلائی دینے کی کوشش کی تھی۔
ایس پی موبائلز شاہ میر خالد کے مطابق، ملزم خاتون کی آڑ میں چرس لاہور لے کر آ رہا تھا۔ ناکہ شیرا کوٹ پر موجود اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو روکا اور چیکنگ کے دوران 11 کلو گرام چرس کے پیکٹ برآمد کیے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں منشیات کی سپلائی کو ناکام بنا دیا گیا۔
ملزمان حیات اللہ اور اس کی بیٹی رومیشہ کو گرفتار کر کے تھانہ شیرا کوٹ منتقل کر دیا گیا ہے، اور برآمد شدہ چرس کو ڈی ایس پی مبشر اعوان کی نگرانی میں تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کیا گیا۔
اس حوالے سے ایس پی موبائلز شاہ میر خالد نے کہا کہ شہر کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈی ایس پی مبشر اعوان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔
ایس پی موبائلز نے مزید کہا کہ صنف نازک کو ایسے مکروہ دھندے میں استعمال کرنے والے معاشرے کے ناسور ہیں اور ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔