(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے انچارج الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ پولنگ کے روز موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کا کوئی جواز نہیں۔
اپنے ایک بیان میں تاج حیدر نے کہا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش سے کارکن مایوس نہ ہوں، کارکن اپنے اپنے پولنگ سٹیشنز پر پہنچیں اور ووٹ کاسٹ کریں،بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانے کیلئے کارکن تیر پر مہر لگائیں۔
پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پولنگ کے روز موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کا کوئی جواز نہیں ہے، امن و امان کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔