سٹی 42 : ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئےپولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود مختلف حلقوں میں موبائل فونز نیٹ ورک متاثر ہونے سے رابطوں میں مسائل کی وجہ سے پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا۔
رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے آغاز میں تاخیر ہوگئی ہے، شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز بڑی تعداد میں موجود ہیں تاہم عملہ پولنگ کے انتظامات میں مصروف ہے، پولنگ کا آغاز 15 منٹ تاخیر سے ہوگا۔
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 250 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 پر بھی پولنگ شروع نہ ہوسکی، پولنگ اسٹیشنوں پریزائیڈنگ افسران کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ شروع نہیں ہو سکی ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی کے حلقے این اے 246 اورنگی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن نمبر 77 میں بھی پولنگ شروع نہ ہوسکی ہے، اورنگی ٹاؤن سپر گرامر اسکول کے پولنگ اسٹیشن نمبر 77 میں نہ عملہ پہنچ سکا اور نہ ہی سامان پہنچ پایا ہے، پولنگ اسٹیشن پر سکیورٹی اہلکار اور امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ پہنچ گئے ہیں۔
ادھر خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر بھی پولنگ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، بونیر کی پولنگ اسٹیشن نمبر 109 گرلز ڈگری کالج ڈگر میں پولنگ ایجنٹ اور ووٹرز ہی نہیں پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ امن دشمن عناصر پر کڑی نظر،پولیس عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تیار ہے، آئی جی پنجاب