(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے اور جگڑا کرنے پر سابق رکن قومی اسمبلی و سابق چیف وہب عامر ڈوگر کو ملتان پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتاری الیکشن کمیشن کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور لڑائی جھگڑے پر ہوئی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے دوران مسلم لیگ ن اور پی ٹی ائی کے کارکن گتھم گتھا ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق الیکشن کمیشن آفس میں ہنگامہ آرائی میں ملوث تمام ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہنگامہ آرائی کے الزام میں مجموعی طور پر 16 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی جبکہ تصادم کے دوران الیکشن کمیشن آفس کے دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس نے لیگی امیدوار شیخ طارق، سینیٹر محمودالحسن اور لیگی رہنما ملک انور کو بھی حراست میں لے لیا تاہم سینیٹر محمودالحسن کو کچھ دیر بعد رہا کردیا گیا۔
دوسری جانب اسد عمر نے گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکمران پی ٹی آئی رہنماؤں کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کر رہے ہیں، عامر ڈوگر لڑائی جھگڑا کرنے والا شخص نہیں ہے، یہ سیاسی کیس ہے اورعامر ڈوگر کو ڈرانے کے لیے ایسا کیا گیا۔