(ویب ڈیسک)مکیش امبانی سے ایشیا کے امیرترین آدمی کا اعزاز چھن گیا ۔ ان سے یہ اعزاز چھیننے والے بھی ایک بھارتی شہری ہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوتم اڈانی، مکیش امبانی سے یہ اعزاز چھین کر ایشیا کے امیر ترین آدمی بن گئے ۔اڈانی گروپ کے 59 سالہ چیئر مین گوتم اڈانی بندرگاہوں تھرمل توانائی اور کوئلے کی کمپنیوں کو کنٹرول کرتے ہیں۔ بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق گوتم اڈانی کی مجموعی مالیت 88.5 بلین ڈالرہے۔
دنیا بھر کے دوسرے ارب پتی آدمیوں کی طرح وبائی مرض کورونا وائرس میں گوتم اڈانی کی دولت میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ۔ پچھلے سال اس وقت اڈانی کی مالیت 40 بلین ڈالر سے بھی کم تھی۔گوتم اڈانی ایشیا کے امیر ترین آدمی ہونے کے ساتھ دنیا کے 10امیرترین افراد میں بھی شامل ہوچکے ہیں ۔
کورونا وبا کے دنوں میں اڈانی گروپ نے بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ جون 2020 سے ممبئی میں نیشنل سٹاک ایکسچینج میں اڈانی انٹرپرائزز کے حصص میں 1,000 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔بلوم برگ کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی 87.9 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ 11ویں نمبر پر ہیں۔