ویب ڈیسک: لیجنڈری بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کرکٹ کی بہت بڑی مداح تھیں اور سچن ٹنڈولکر اُن کے بہت قریب تھے۔
سجن ٹنڈولکر، لتا منگیشکر کو اپنی آئی(ماں ) کہا کرتے تھے اور اکثر گلوکارہ کے گھر اُن سے ملنے کے لیے اُن کے گھر بھی جاتے۔لتاجی، سچن کی 100 بین الاقوامی سنچریوں کا جشن منانے کے لیے منعقدکی گئی ایک خصوصی تقریب میں بھی موجود تھیں اورسچن کی فرمائش پر ایک گانابھی گایا تھا۔
لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر سچن ٹنڈولکر کی لتا منگیشکر کے ساتھ ایک یادگار ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لتا منگیشکر نے 2012 میں منعقدکی گئی ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں عامر خان، سلمان خان، امجد علی خان، نیتا امبانی اور مکیش امبانی سمیت کئی دیگر شخصیات بھی شامل ہیں۔
تقریب میں سچن ٹنڈولکر مراٹھی زبان میں لتا جی سے کہتے ہیں کہ’اُنہوں نے گلوکارہ کو ماں کا درجہ دیا ہے اور وہ گلوکارہ کے بیٹے جیسے ہیں، اس لیے اُن کی گزارش ہے کہ ایک گانا (تو جہاں جہاں چلے گا) سنا دیں‘۔سچن ٹنڈولکر کی یہ درخواست سننے کے بعد لتاجی جواباََ کہتی ہیں کہ’ وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں آج تو اُنہیں اس بات کا یقین نہیں ہے کہ وہ ٹھیک سے گنگنا سکیں گی یا نہیں‘۔