رضوان نقوی : ضبط شدہ آٹو سکریپ سے بھرا ٹرک کسٹمز انٹیلی جینس کے گودام میں داخل ہوتے ہوئے بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، ٹرک میں لوڈ آٹو سکریپ کی بھاری کھیپ اور ٹرک جل کر خاکستر ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق ضبط شدہ آٹو سکریپ سے بھرا ٹرک کسٹمز انٹیلی جینس کے گودام میں داخل ہوتے ہوئے بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔ چمن سے آنے والے ٹرک کو کسٹمز انٹیلی جینس نے واہگہ بارڈر کے علاقہ سے تحویل میں لیا اورشاہ پور کانجراں میں واقع ویئر ہاؤس میں منتقل کیا جارہا تھا کہ اوور لوڈنگ کے باعث ٹرک بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا , ٹرک اور آٹو سکریپ جل کر راکھ ہوگیا- ٹرک کے مالک محمود خان نے کسٹمز انٹیلی جینس کے خلاف تھانہ چوہنگ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے-
محمود خان کے مطابق کسٹمز انٹیلی جینس کی غفلت سے ایک کروڑ روپے مالیت کا سامان اور45لاکھ کا ٹرک جل کر خاکستر ہوگیا ہے-محمود خان کا دعوٰی ہے کہ سامان کلیئر ہوکر چمن سے لاہور ہہنچا تھا، کسٹمز انٹیلی جینس نے واہگہ کے علاقہ سے تحویل میں لے لیا- کسٹمز انٹیلی جینس حکام کے مطابق واہگہ بارڈر کے علاقہ سے تحویل میں لئے گئے ٹرک کو محمود خان کا ڈرائیور ہی چلا رہا تھا۔ ٹرک اوور لوڈ ہونے کے سبب بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا۔