(جنید ریاض) اساتذہ کی ریٹائرمنٹ، لیو اور تبادلوں کو آن لائن کردیاگیا، ترقی کو یکم اگست اور اے سی آرز کو 31 دسمبر 2021 تک آن لائن کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کے تبادلوں ، چھٹی اور ریٹائرمنٹ کے عمل کو آن لائن کردیا۔صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تبادلے ، لیو اور ریٹائرمنٹ آن لائن ہونے سے 5 لاکھ اساتذہ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ سکول ایجوکیشن اساتذہ کے لئے مزیدآسانیاں پیداکرنےکی کوشش کررہا ہے۔
مراد راس نے کہا کہ اساتذہ کی ترقی کو یکم اگست 2021 سےاور اساتذہ کی اے سی آر کو 31 دسمبر تک آن لائن کردیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے لئے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں تاکہ وہ صرف بچوں کی پڑھائی پر توجہ دیں۔
واضح رہے قبل ازیں اپنے ایک بیان میں سکول میں بچوں کی تعداد کم ہونے سے متعلق ان کا کہناتھا کہ صوبہ بھر میں نئے تعلیمی سال سے پہلے ہی سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ماہ سکول بند رہنے سے بہت سارے بچے سکول چھوڑ گئے۔ اگلے پانچ ماہ میں سکولوں میں دس لاکھ بچے داخل کریں گے۔ اس حوالے سے تمام اضلاع کو الگ سے اہداف دے دیئے گئے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں کو سکول داخل کرنے کی ذمے داری ڈسڑکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے افسروں اور سکول کونسلز کی ہوگی، اب کی بار داخلوں کے اہداف پورے نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی بھی ہوگی۔ ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو سکول بھجوانے کے ساتھ انھیں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بھی کروائیں اور ماسک کے بغیر بچوں کو سکولوں مت بھیجیں۔