علی ساہی: نہ ٹرانسفر ڈیڈ کی ضرورت نہ ہی جعلی ٹرانسفر، اب گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لئے خریدار اور فروخت کنندہ کو انگوٹھا لگانا ہوگا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں یکم اپریل سے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ٹرانسفر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایکسائز کا یکم اپریل سے بائیو میٹرک سسٹم شروع ہوجائے گا۔ شہری گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کیلئے ایکسائز دفاتر اور ای سہولت مراکز پر تصدیق کراسکیں گے۔ لاہور کی موٹر برانچز کے دفاتر میں 50 بائیومیٹرک مشینیں نصب کی جائیں گی۔ صوبہ بھر کے ایکسائز دفاتر میں 250 بائیومیٹرک مشینیں نصب ہوں گی۔
ایکسائز حکام کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں صرف گاڑیوں کی ٹرانسفر بائیو میٹرک ہوگی جبکہ موٹرسائیکلوں کی بائیو میٹرک ٹرانسفر کا آغاز دوسرے مرحلے میں ہوگا۔ نادراکی ایک بائیو میٹرک تصدیق کیلئے 120 روپے فیس مقرر کرنے کی تجویز بھجوائی گئی ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کی فیس کا حتمی فیصلہ اگلے اجلاس میں کیا جائے گا۔ بائیو میٹرک تصدیق سے جعلی ٹرانسفر اور اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کا خاتمہ ہوگا۔ جعلی دستخط اور کاغذات کے ساتھ گاڑیاں ٹرانسفر ہونے کی شکایات تھیں جبکہ آئے روز بلاوجہ عدالتوں میں چکر لگانا پڑتے ہیں بائیو میٹرک نظام کے آغاز سے جعلی ٹرانسفر کی حوصلہ شکنی ہوگی۔