ٹریفک جام سے نجات کا پلان تیار ،سڑکوں کی ری ماڈلنگ کا فیصلہ

8 Feb, 2020 | 10:51 AM

Sughra Afzal

(راﺅ دلشاد) صوبائی دارالحکومت لاہور میں'' ٹریفک جام'' سب سے بڑا مسئلہ بن گیا، شہری سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک میں پھنس جانے، آلودگی اور شور سے پریشانی کا سامنا کرنے کے علاوہ چڑچڑے پن کا شکار اور نفسیاتی مریض بن رہے ہیں جبکہ اس صورتحال سے وقت اور ایندھن کا بھی ضیائع ہو رہا ہے، ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے  کیلئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن میدان میں آگیا۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن نے کربلا گامے شاہ چوک،بھاٹی چوک اور داتادربار چوک کی ری ماڈلنگ کا فیصلہ کرلیا، تینوں چوراہوں کی ری سٹرکچرنگ اور ٹریفک پلان مرتب کرنے کیلئے10 کنال اراضی ایکوائر ہوگی، جبکہ گامے شاہ سے داتا دربار جانے والی سڑک عام ٹریفک کیلئے بند کردی جائے گئی۔

سٹی 42نے ورکنگ پیپرز کی کاپی حاصل کرلی، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ورکنگ پیپر کے مطابق لوئرمال پرٹریفک جام سے مستقل نجات کیلئے داتادربار کوجانےوالی سڑک بند کردی جائےگی،اس ضمن میں تیاری مکمل کرلی گئی ہے،تاہم لوئر مال سے داتا دربار جانے والی ٹریفک کو بھاٹی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

 کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کیپٹن (ر) سیف انجم نے سڑکوں کی جیومیٹری تبدیل کرنےکی اجازت دے دی، چیف کارپوریشن آفیسرسید علی عباس بخاری کومنصوبے کی تکمیل کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

کربلا گامے شاہ چوک کوملنے والی دو رویہ سڑکوں کی ری ماڈلنگ ہوگی، 10 کنال اراضی واگزارکرانے کی کمشنرلاہورو ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل نے منظوری دیدی، سڑکوں کی ری ماڈلنگ پر تمام وسائل میٹروپولیٹن کارپوریشن فراہم کرے گی، مال روڈ اور کچہری روڈسے آنےوالی ٹریفک کربلا گا مے شاہ چوک سے نئے متبادل راستوں پرجائےگی۔

سرکلر روڈ سے بھاٹی چوک جانےوالی ٹریفک کو پیر مکی مزار اور کچہری روڈ کی طرف موڑا جا سکے گا، مین شاہراہوں کے درمیان پختہ ڈیوائڈرلگائے جائیں گے۔

سیف سٹی کیمروں کے کیبن، ٹریفک سگنل، سائن بورڈ، درخت، الیکٹرک پول پوائنٹ تبدیل کیے جائیں گے، 2 لاکھ  63 ہزار سکیئرفٹ ایریا کوری ماڈل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں