( زاہد چودھری ) شیخ زید ہسپتال کی انتظامیہ نے کچھ عرصہ قبل ہڑتال میں حصہ لینے کی پاداش میں مزید 4 زیر تربیت پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کو برطرف کر دیا۔ وائے ڈی اے نے اقدام کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کل سے پھر شیخ زید ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں ہڑتال کی کال دیدی ۔
شیخ زید ہسپتال میں کچھ عرصہ قبل لیڈٰ ڈاکٹرز کو ہاسٹل سے بے دخل کرنے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی گئی تھی جس میں حصہ لینے کی پاداش میں چیئرمین شیخ زید ہسپتال نے مزید 4 زیر تربیت پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹر کو برطرف کر دیا ہے۔
برطرف ہونے والوں میں ڈاکٹر حامد، ڈاکٹر شعیب بلوچ، ڈاکٹر احمد رضا اور ڈاکٹر سجاد احمد شامل ہیں جبکہ وائے ڈی اے کے صوبائی صدر ڈاکٹر قاسم اعوان اور ڈاکٹر کامران اشرف پہلے ہی برطرف ہیں۔ شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین کے مزید 4 ڈاکٹروں کو برطرف کرنے کے اقدام کے خلاف وائے ڈی اے نے کل سے دوبارہ شیخ زید ہسپتال کے آوٹ ڈور میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
وائے ڈی اے کے صوبائی صدر ڈاکٹر قاسم اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ زید ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کے خلاف تمام انتقامی کارروائیاں واپس لینے اور مطالبات منظور کرنے کی یقینی دہانی کرانے پر ہی گزشتہ ہڑتال ختم کی گئی تھی لیکن چیئرمین شیخ زید نے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جس پر اب بھرپور احتجاج ہوگا۔