( قذافی بٹ ) بھارتی جاسوس کلبھوشن کی پاکستان میں عدم موجودگی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد مسلم لیگ ( ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈاپور کے بقول بھارتی جاسوس کلبھوشن پاکستان سے جا چکا ہے، وفاقی وزیر کو یہ بھی معلوم نہیں کہ کلبھوشن کا کیس کس عدالت میں چل رہا ہے اور اس کیس کی اگلی سماعت کس تاریخ کو ہے۔ اس اہم نوعیت کے کیس پر وفاقی وزیر نے کلبھوشن کی پاکستان میں موجودگی کو بھی مشکوک بنادیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وفاقی حکومت اور افواج پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کے حوالے سے اپنا موقف واضع کریں اور کلبھوشن کی پاکستان میں موجودگی کا ثبوت دیا جائے یا اس جاسوس کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومتی وزیر کے بقول اس جاسوس کی پاکستان میں عدم موجودگی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔