بالی ووڈ کے تینوں خانز ایک ساتھ فلم میں جلوہ دکھائیں گے ،عامر خان نے مداحوں کو امید دلا دی

8 Dec, 2024 | 11:25 PM

 ویب ڈیسک : بھارتی سپر اسٹار عامر خان نے بالی وڈ متوالوں کے مشہور سوال 'تینوں خانز ساتھ فلم میں کام کب کرینگے؟' کا جواب دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔

بالی وڈ کی دھڑکن سمجھے جانے والے 'خانز' یعنی سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے مداحوں کا تینوں کو ایک ساتھ ایک فلم میں دیکھنے کا دیرینہ مطالبہ ہے۔تینوں  سپر اسٹارز الگ الگ فلموں میں  ایک ساتھ  کام کرچکے ہیں مگر تینوں کی مشترکہ فلم کوئی بھی سامنے نہیں آئی جس کا مداحوں کو انتظار ہے

رواں برس مارچ میں تینوں ایک ساتھ اننت امبانی کی شادی سے قبل کی تقریبات میں ایک ساتھ نظر آئے تھے جس کے بعد مداحوں کی یہ خواہش پھر جاگ اٹھی تھی۔رواں سال مئی میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے تصدیق کی تھی کہ وہ دبنگ ہیرو سلمان خان اور بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان ایک مشترکہ فلم کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔

اب ایک فلم فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے پھر سے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'سلمان اور شاہ رخ خان ایک ساتھ کام کرنے پر آمادہ ہیں اس لیے میں پُر امید ہوں کہ ایسا ضرور ہوگا'۔انہوں نے کہا کہ 'چند ماہ قبل ایک فیسٹیول میں اس بارے میں بات چیت ہوئی تھی، تقریباً چھ ماہ پہلے شاہ رخ، سلمان اور میں ایک ساتھ تھے اور ہم نے اس حوالے سے بات کی تھی۔یہ بات میں نے محسوس کی تھی اور اس موضوع پر ان سے بات کی تھی کہ یہ بہت افسوس کی بات ہوگی اگر ہم تینوں زندگی میں ایک ساتھ کوئی فلم نہ کریں'۔

یاد رہے کہ ماضی میں ایک مداح کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ 'میرا بھی یہ خیال ہے کہ ہم تینوں کو ایک ساتھ فلم میں کام کرنا چاہیے، میں، سلمان اور شاہ رخ، ہم نے اپنے اور اپنے ناظرین کے لیے اس بارے میں بات کی ہےکہ اپنے کیریئر کے دوران، ہم تینوں کو ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے'

مزیدخبریں