سٹی42: شام کے بیشتر حصہ پر قابض ہو چکے جہادی باغیوں کا لیڈرابو محمد ال جولانی دمش پہنچ گیا ہے۔ ہئیت تحریر الشام کے جہادی جنگجوؤں نے شام کے دارالحکومت دمشق پر آج صبح قبضہ کر لیا تھا تاہم یچ ٹی ایس کا کہنا ہے کہ ان کا لیڈر الجولانی اتوار کی شام اب سے کچھ دیر پہلے دمشق پہنچا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے حوالے سے ہئیت تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) باغی گروپ کے ایک بیان کے مطابق گروپ کا رہنما ابو محمد الجولانی اب دمشق میں ہے۔
ہئیتِ تحریر الشام HTS کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت تک پہنچنے کے بعد جولانی نے، جس کا اصل نام احمد الشارع ہے، حزب اختلاف کے جنگجوؤں پر زور دیا کہ وہ "سرکاری اداروں اور املاک کی حفاظت کریں"۔
حزب اختلاف کے جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ صدر بشار الاسد کی 24 سالہ حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا ہے اور انہوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا ہے۔
بشار الاسد نامعلوم مقام پر ہیں
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ الاسد اقتدار چھوڑ کر شام چھوڑ چکے ہیں۔ اس کا ٹھکانہ ابھی تک نامعلوم ہے۔
دمشق میں کرفیو کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب لوگ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا جشن منانے کے لیے دارالحکومت اور دیگر مقامات پر سڑکوں پر نکل آئے تھے۔
اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ شام میں باغیوں کے قبضے کے بعد اسرائیلی فورسز نے گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیل اور شام کی سرحد پر پہلے سے بنے بفر زون میں اپنی فورس تعینات کر دی ہے۔
شام میں 13 سال سے جاری خانہ جنگی کا اہم موڑ نومبر کے آخری دنوں کے دوران اس وقت آیا جب دنیا لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کی جنگ بند ہونے کے تاریخ ساز معاہدہ پر عملدرآمد کا آغاز ہوتے دیکھنے میں مگن تھی۔ تب سے آج 8 دسمبر تک تقریباً دس دن میں باغیوں کے کئی گروہوں نے مل کر شام میں مختلف اطراف مین پیش قدمی کی اور ایک کے بعد ایک شہر اور قصبے پر قبضہ کرتے ہوئے آج صبح دارالھکومت دمشق پر بھی قبضہ کر لیا۔