پاکستان کی معیشت میں سب کا کردار اہم ہے، فیصل واوڈا

8 Dec, 2024 | 04:54 PM

ویب ڈیسک : سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کی، ملاقات میں مصطفیٰ کمال، انیس قائمخانی، امین الحق اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

 فیصل واوڈا نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے پاس جانے کا مقصد نیشنل کاز ہے، میں یہاں کسی مطلب سے نہیں آیا ہوں، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں سب کا کردار اہم ہے، میں اور مصطفیٰ کمال پیار سے بھی بات کرتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی کام کروا سکتے ہیں، میں نے بلاول صاحب کو بتایا تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ روز دھرنا اور احتجاج پاکستان برداشت نہیں کرسکتا۔

 فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات ہیں، ان کی جان پر سیاست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بیوی اور قیادت اس پر کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اپنا قبلہ سیدھا کرلے تو ان حالات سے نکل سکتی ہے۔

 مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے دوست فیصل واؤڈا ہمارے مرکز آئے ہیں، انہوں نے ایم کیو ایم سے میٹنگ کی ہے، ان کا تعلق اس شہر سے ہے، یہ ون مین آرمی ہیں، یہ ہر طرف چھائے ہوئے ہیں اور اس بات پر ہم فخر کرتے ہیں، ہم نے دیکھا ہے فیصل واؤڈا تمام پارٹیوں کے پاس گئے ہیں اور آج یہ ایم کیو ایم کے پاس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک طاقت اور ایک جماعت ہے، ہمیں ہمارا شیئر نہیں دیا جارہا ہے، کوئی کامن ایجنڈا ہونا چاہیے، فیصل واؤڈا سب کو یکجا کرنے کا کام اکیلے کر رہے ہیں۔ 

 انہوں نے کہا کہ آج یہ ہمارے پاس آئے ہیں ہم نے ان کی بات کی تائید کی ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کو چلانے کیلئے کچھ پوائنٹس پر متفق ہونا چاہیے، اس ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

مزیدخبریں