سٹی 42 : چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نےملاقات کی، جس میں محسن نقوی نے شہباز شریف کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہا، انہوں نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔