ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

افشاں رضوان: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشترعلاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ٹھنڈی ہواؤں نے شہر لاہور  میں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا،محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر میں آج 50سے 70 فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 10 جبکہ زیادہ سے زیادہ 17ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبرپر آ گیا ہے۔شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی ،ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 190ریکارڈ،غازی روڈ انٹرچینج 290 ،پاکستان انجینئرنگ سروس ٹو میں شرح 274ریکارڈ،امریکی قونصلیٹ 272 ،ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 216ریکارڈ،پاور زون ہیڈ آفس 209،ٹھوکر میں آلودگی کی شرح 213ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان  ہے۔ادھرخیبرپختونخواکے اضلاع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان ، ایبٹ آباد،پشاور، صوابی،مردان،نوشہرہ،باجوڑ،مہمند، خیبر ،اورکزئی اور کرم میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے ،دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

 پنجاب کے اضلاع  راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہا ولدین ، گجرات، لاہور، قصور،شیخوپورہ، سرگودھا،بھکر ،میانوالی ، خوشاب، فیصل آباد اور جھنگ میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گر دو نواح میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ادھربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔

 سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے۔ سکھر، کشمور، جیکب آباد اور گر دو نواح میں بعض مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دُھندچھائے رہنے کی توقع  ہے۔ اسی طرح کشمیر اور  گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔