علی ساہی : آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عمران کشور اور انویسٹی گیشن ونگ کے افسران کی ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ڈی آئی جی عمران کشور نے آئی جی پنجاب کو ملتان روڈ سندر کے علاقے میں بس پر فائرنگ واقعہ کی تفصیلات بارے آگاہ کیا۔ پنجاب پولیس کی ٹیم نے سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس سے بس پر فائرنگ کرنے والے 06 ملزمان کر گرفتار کیا۔
ڈی آئی جی عمران کشور نے کہا کہ بس پر فائرنگ کا واقعہ ملزمان اور بس ڈرائیور کے درمیان اوور ٹیکنگ پر ہونے والی تلخ کلامی کے باعث پیش آیا۔ ملزمان نے طیش میں آکر بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو طالبات زخمی ہوئیں۔ انویسٹی گیشن ٹیم نے تمام شواہد کے بغور جائزے سے تفتیش کو آغاز کیا اور قلیل وقت میں ہائی پروفائل کیس حل کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اہم کیس کو بروقت حل کرنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور انکی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بہترین تفتیش سے ملزمان کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوانا ہی جرائم کنٹرول کا اصل فارمولا ہے۔ انویسٹی گیشن ونگ کے افسران واہلکار جدید فارنزک سائنس اور روایتی مہارت کے موثراستعمال سے کیسز کو حل کریں۔ قابل، فرض شناس اور محنتی افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔