ویب ڈیسک: ڈائریکٹر گجرانوالہ زون کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری، لیبیا کشتی حادثے میں ملوث اہم ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 2 انسانی سمگلر گرفتار کرلیے گئے، گرفتار ملزمان میں لیبیا حادثہ کا اشتہاری محمد جاوید اور ایجنٹ محمد ماجد شامل ہیں، ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیائے۔
ملزم محمد جاوید کو نوشہرہ ورکاں گوجرانوالہ جبکہ ملزم محمد ماجد کو محمدنگر گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم محمد جاوید کی گرفتاری کے لئے متعدد بار چھاپے مارے گئے، اشتہاری ملزم محمد جاوید ایف آئی اے کو 3 مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم نے مذکورہ شہریوں کو غیر قانونی طور اٹلی بھجوانے کے لیے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کیے تھے، مذکورہ شہریوں کی لیبیا کشتی حادثے میں موت واقع ہو گئی تھی۔ دوسری جانب ایجنٹ محمد ماجد نے شہری کو غیر قانونی طور پر اٹلی بھجوانے کے لیے 22 لاکھ روپے بٹورے تھے۔
ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔