ویب ڈیسک: توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کیس سے متعلق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ عدالت جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دے گی۔
توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل علی ظفر، الیکشن کمیشن کے وکلاء اور لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھا بھی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے محسن شاہ نواز رانجھا سے استفسار کیا کہ کیا آپ کا ریفرنس تھا۔ محسن شاہ نواز رانجھا نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے درخواست سپیکر قومی اسمبلی کو دی تھی، سپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالت میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مزید کوئی ایکشن لینے سے روکے، الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کے لئے کمپلینٹ فائل کی ہے اور پارٹی سربراہ کو ہٹانے سے متعلق بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو پہلے ہی روک رکھا ہے، کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھا رہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ کمیشن نے 13 دسمبر کیلئے ایک اور نوٹس جاری کیا ہے، عدالت اسے روک دے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ عدالت اس کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دے گی۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔