لاہور پولیس کی کارروائی، ڈاکوؤں کا چار رُکنی گینگ پکڑ لیا

8 Dec, 2022 | 08:45 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: لاہور کی سول لائینز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی ڈاکوؤں کا چار رُکنی گینگ پکڑ لیا، ملزمان بینکوں اور مالیاتی اداروں سے نکلنے والے شہریوں کو نوسر بازی کر کے گن پوائنٹ پر لوٹ لیتے تھے۔

پولیس کے مطابق گروہ میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں جبکہ ملزمان نے ایک کروڑ روپے سے زائد کرنسی لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق تھانہ سول لائینز پولیس کی کارروائی میں گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعلق افغانستان سے ہے، تین سگے بھائی جبکہ چوتھا ان کا کزن اور گروہ کا سرغنہ ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ ڈیڑھ ماہ پہلے افغانستان سے کوئٹہ اور پھر لاہور آئے، واردات کرتے ہی باجوڑ ایجنسی بھاگ جاتے تھے، وہاں سے رقم افغانستان میں اپنے اہل خانہ کو بھجواتے اور صبح پھر واپس لاہور آ جاتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ کسی بینک کے باہر کھڑے ہوتے، جیسے ہی کوئی شخص رقم لے کر گاڑی میں بیٹھتا، یہ چھپ کر اس کی گاڑی کے ٹائر کو چاقو سے کٹ لگاتے، گاڑی کچھ دور جاکر رُک جاتی تو یہ گن پوائنٹ پر اسے لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔ڈی ایس پی افتخار رسول باجوہ نے بتایا وارداتوں کی اطلاع پر سول کپڑوں میں اہلکار مالیاتی اداروں کے باہر کھڑے کر کے ریکی کی گئی، جس کے بعد یہ لوگ پکڑے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے چار بڑی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزیدخبریں