جی ٹی روڈ (عمراسلم، فاران یامین، علی اکبر، فخر امام، علی اکبر شہزاد خان ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پی ڈی ایم کے 13 دسمبرکے جلسے کو کامیاب بنانے اور کارکنوں و شہریوں کو متحرک کرنے کیلئے طوفانی دوروں کا آغاز کردیا، انجمن تاجران بھی اپوزیشن کی تحریک میں شامل ہوگئی
(ن) لیگی نائب صدر مریم نواز نے شمالی لاہور کا دورہ کیا تو کارکنوں نے ان کا پرتباک استقبال کیا، لوہے والی پلی بادامی باغ میں جلسے میں کارکنوں کی جانب سے آتش بازی بھی کی گئی، جلسے اور استقبالیہ کیمپ کا اہتمام لیگی ایم پی اے غزالی سلیم بٹ کی جانب سے کیا گیا۔ جس میں سابق ڈپٹی میئر مشتاق، یونس خان، قاسم مسعود، عمر فاروق بٹ، بلے خان، اکرام خان، سعید خان، چودھری افضل، لیاقت خام، چودھری خالد نمبردار، ملک ندیم، فلک شیر بٹ، شہزاد احمد گجر، فہد گجر، ایم این اے کرن ڈار، حمیدہ ذوالفقار، آسیہ بی بی، گلشن بانو، نازیہ خالد، ثمینہ رفیق، روبینہ عبدالرحمان، پروین یونس، اقراء، فاطمہ، ماہین، کنزہ، شکیلہ سمیت کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مریم نوازنے ایم این اے ملک ریاض کی رہائشگاہ پر خواتین کارکنوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 13 دسمبر کا جلسہ تاریخی ہو گا، موجودہ حکمرانوں کو اب مزید وقت نہیں دیا جا سکتا، حکمران مکمل ناکام ہو چکے ہیں اور جھوٹ بولنے کے علاوہ انھوں نے کچھ نہیں کیا، حکمرانوں کو اب گھر جانا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ بندہ چور ہے ناکام ہے لیکن تابع دار ہے اور اسی وجہ سے موجود ہے،۔
قائد اعظم انٹر چینج رنگ روڈ پر ایم پی اے ملک حبیب اعوان نے مریم نواز شریف کا استقبال کیا، سینئر رہنما مسلم لیگ(ن) لاہور سید توصیف شاہ، ملک علیم مجید اعوان، ملک غلام حور اعوان، اکبر اعوان، چودھری خالد اعوان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی، مریم نواز شریف نے این اے 128، این اے 127، این اے 124 اور این اے 123 کے کارکنوں سے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں لاہوریوں کو مینار پاکستان جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔
علاوہ ازیں انجمن تاجران نے بھی پی ڈی ایم کی تحریک کا حصہ بننے کا اعلان کردیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ نکمی اورنااہل حکومت نے صنعت وتجارت اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ حکومت سے نجات تک پی ڈ ی ایم کے ساتھ ہیں۔انہوں نے تاجروں کو پی ڈی ایم کے جلسے میں بھرپور شرکت کی تیاریاں کرنے کی ہدایات کردی۔
نعیم میر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک تاجروں کی باتوں کا اعادہ کر رہی ہے، حکومت نے چلتی معیشت کا بیڑا غرق کردیا، یہ حکومت مزید چلی تو صنعت وتجارت نہیں چلے گی۔
دوسری جانب حکومت نے بھی جلسہ ناکام بنانے کیلئے لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن پلان بھی بنا لیا، جس کیلئے فہرستیں بھی تیار کرلی گئیں، حکومت نے پی ڈی ایم کو پھر وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کی زندگیوں کیساتھ نہ کھیلے، کوروناکے پیش نظر اجتماع کرنے سے بازرہے۔