( شہزاد خان ) صنعتوں میں استعمال ہونیوالے کیمیکل کی درآمد میں درپیش مشکلات اور ٹیکس و ڈیوٹیز سے پریشان کیمیکل اینڈ ڈائیز مرچنٹس ایسوسی ایشن کی قیادت لاہور چیمبرآف کامرس پہنچ گئی، صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ سے مدد طلب کرلی۔
کیمیکلز اینڈ ڈائز سیکٹر کے تاجروں نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید سے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین کیمیکل اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کاشف رضا اور سابق سینئر نائب صدر لاہور چیمبر خواجہ خاور رشید شامل تھے۔
اس موقع پر ایوان صنعت وتجارت کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نسیم الغنی اور فیاض حیدر بھی شریک ہوئے۔ چیئرمین کاشف رضا نے کہا کہ حکومت درآمدی اشیاء کی حوصلہ شکنی کرے لیکن خام مال کی درآمد میں رکاوٹ نہ ڈالے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی کیمیکل کی درآمد پرعائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کم کی جائیں۔
خواجہ خاور رشید نے کہا کہ صنعتی خام مال مہنگا ہونے سے پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے۔ ایف بی آر خام مال کی درآمد میں رکاوٹیں پیدا نہ کرے۔ صدر لاہور چیمبر نے صنعتی خام مال اور کیمیکل سے متعلقہ مسائل پر معاونت کی یقین دہانی کرائی۔