(ملک اشرف): صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کے نااہلی کیس کی جلد سماعت کے لئے درخواست سماعت کے لئے مقرر کر لی گئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ گیارہ دسمبر کوجلد درخواست سنے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری مجلس وحدت المسلمین ناصر عباس شیرازی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی۔ جس میں پنجاب حکومت، الیکشن کمیشن اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری ٹربیونل کے فاضل جج جسٹس علی باقر نجفی کے حوالے سے متنازعہ بیان دیا۔ رانا ثنا اللہ نے عدلیہ کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ رانا ثنااللہ کے متنازعہ بیان کے بعد رکن اسمبلی رہنے کا قانونی جواز کھوچکے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ کی نااہلی کے لئے ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے روبرو درخواست زیر سماعت ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر رانا ثنااللہ نااہلی کیس کی جلد سماعت کی جائے ۔