اویس کیانی : وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر قسم کی دہشت گردی کیخلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہیے، پاکستان میں رہنے والی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما کرام منبر و محراب کے وارث ہیں جنہوں نے ہمیشہ ریاست اور سلامتی کے اداروں کے ساتھ مل کر انتہا پسندی کیخلاف اہم کردار ادا کیا ہے۔
چودھری سالک حسین نے کہا کہ ہمیں ایک پرامن،متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، شرپسند عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں اپنی قوم کو بیرونی خطرات سے بچانا چاہیے اور اپنے شہریوں کو اندرونی خلف شعاریوں سے بھی بچانا چاہیے، ہمارا معاشرہ اور نوجوان با اعتمادی کا شکار ہیں اخلاقی قدروں وطن سے محبت اور اس کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اداروں سے عقیدت کا جو رشتہ ہے اس کی اہمیت کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک اور اس کے ادارے ہیں تو ہم ہیں، پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے۔ ہمیں کسی سیاسی جماعت، مذہبی، صوبائی ،قبائلی یا نسلی تناسب سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
تقریب کی قیادت وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کی۔ ملک بھر سے علما اور مشائخ کی بڑی تعداد نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔