ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ مریم نواز شریف میانوالی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئیں، انہوں نے ٹراما سینٹر اور جنرل ہسپتال کے بھی دورے کیے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے میانوالی ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، انہوں نے وارڈز سےپہلے ایم ایس آفس اور ایڈمن بلاک کی ری ویمپنگ پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، ساتھ ہی ایم ایس ہسپتال سے کہا کہ اچھا صاف ستھرا ماحول سب سے پہلے مریضوں کا حق ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 2 ماہ قبل ہسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے لاوارث مریض کی ہلاکت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹراما سینٹر کا اچانک دورہ کیا ، جہاں مریض سے ایکس رے کے پیسے لینے کی شکایت پر فوری رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انڈر ٹریننگ ڈسپینسر کی طرف سے وظیفہ دینے کی درخواست پر غور کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ٹراما سینٹر میں پروسیجر روم، مائنر آپریشن ٹھیٹر، فی میل میڈیکل ایمرجنسی اور پیڈز وارڈ کا معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز ننے پیڈز ایمرجنسی میں کافی دیر سے علاج کے منتظر بچے کو لے کر خود پرچی بنوائی اور علاج شروع کرایا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے جنرل ہسپتال کے تمام وارڈز ترجیحی بنیادوں پر فنکشنل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی ایچ کیو کے فی میل میڈیسن وارڈ اور نرسری کا بھی دورہ کیا، انہوں نے معمر مریضہ کی گنگرین /ڈایا بیٹک فٹکا فوری علاج شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے ویٹنگ روم میں منتظر تیمارداروں سے باری باری علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مریضوں سے مفت علاج، ادویات اور ٹیسٹ کے بارے میں بھی دریافت کیا، انہوں نے ٹراما سینٹر میں مریضوں سے استفسار کیا کہ زیادہ انتظار تو نہیں کرنا پڑتا، سب ٹھیک ہے ناں؟
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نرسری میں بچوں سے اظہارِ شفقت اور پیار کیا۔ انہوں نے مریضوں کو دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا، ساتھ ہی ہسپتال میں موجود طبی آلات کے معیار اور کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے زیر علاج تمام مریضوں کی باری باری عیادت کی اور جلد صحت یابی کی دعائیں کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے معیاری طبی ٹیسٹ اور فری میڈیسن کے بارے میں بھی پوچھا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہترین علاج میانوالی کے ہر شہری کا حق ہے۔
سینئر منسٹر مریم اورنگزیب ،کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آر پی او، ڈی پی او اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔