بارشیں ہی بارشیں،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

8 Aug, 2024 | 10:09 AM

مائدہ وحید:   شہر   لاہور میں سرمئی بادلوں کا راج، گرمی کی شدت کم ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ماہرین کے مطابق  شہر میں آج 40فیصد بارش کے امکانات ہیں۔ْ

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر  لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 84فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔فضائی آلودگی میں کمی  آنے سے ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 99ریکارڈ کی گئی ہے،  ٹھوکر نیاز بیگ 153،یو ایم ٹی میں آلودگی کی شرح 142 ریکارڈ، سید مراتب علی روڈ 129 جبکہ  زکی فارم میں آلودگی کی شرح 97ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد  میں آج بھی  بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ  زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔مغربی سمت سے 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ  ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔

پنجاب میں لاہور سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر بارش ہوئی، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، مری، شیخوپورہ، قصور، جہلم میں بھی بادل خوب برسے، شہر اقتدار میں بھی ابرکرم برسا، آئندہ 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش متوقع ہے۔  صوبہ سندھ میں کراچی مون سون بارشوں کے زیر اثر ہے، کئی مقامات پر ابرکرم برسا، آئندہ 24 گھنٹوں میں ساحلی علاقوں میں مزید بادل برسیں گے، صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ، لورا لائی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی اور بارکھان میں بارش ہوئی، تاہم تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش مزید بارش کی بھی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں کاکول، بالاکوٹ، مالم جبہ، مردان اور لوئردیر میں بادل برسے، آئندہ 24 گھنٹوں میں وزیرستان، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور، ڈی آئی، بنوں اور دیگر مقامات پر بارش متوقع ہے, کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش ہوئی تاہم گرج چمک کے ساتھ مزید بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جڑاوں شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے جبکہ واسا کی جانب سے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے جس کے پیش نظر نالہ لئی کو خالی کروایا جائے۔ 

مزیدخبریں