ویب ڈیسک: کامن ویلتھ گیمز میں نیزے بازی کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، پاکستان کیلئے ایک اور گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔
برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے نیزہ بازی مقابلے کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں86.81 میٹر کی تھرو کی، یہ پاکستانی ایتھلیٹ کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، جس کے بعد انہوں نے دوسری تھرو کی جو فاؤل قرار دی گئی۔تیسری تھرو میں انہوں نے اپنا ریکارڈ مزید بہتر کیا اور 88 میٹر کی تھرو کی، جبکہ چوتھی باری میں انہوں نے 85.09 میٹر کی تھرو کی۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی، ارشد ندیم نے 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں بھی سب سے لمبی تھرو کرنے کا ریکارڈ بنادیا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 8 ہوگئی ہے، پاکستانی ایتھلیٹس دو گولڈ میڈلز، 3 سلور اور تین برونز میڈلز جیت چکے ہیں۔