( جنید ریاض) محکمہ سکول ایجوکیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کردی، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کیجانب سے نامکمل اور زیر التواء منصوبوں کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی گزشتہ دو سال کی رپورٹ پیش کی گئی، ذرائع کے مطابق کرایوں کی بلڈنگ میں سکولوں کا قیام، انصاف آفٹرنون سکول پروگرام، انصاف پرائمری سکول پروگرام اورانصاف موبائل سکول کا منصوبہ تاحال التواء کا شکار ہے، رپورٹ میں اردو میڈیم آف انسٹرکشن، دانش سکولز، ٹیچرز لائسنسنگ ایکٹ، پرائیویٹ سکول ایکٹ کو بھی شامل کیا گیا،بریفنگ میں مزید ای سی ای بکس،پنجاب سکول کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن پروگرام،1227 سکولوں کی اپ گریڈیشن اور آئی ایم آئی ایس شامل ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کےدوران کرپشن اوربدانتظامی کےخاتمے کے لیےجامع اقدامات کیےہیں، ای ٹرانسفر پالیسی کےکامیاب انعقاد اور عملدرآمد کے بعد دیگر ادارے بھی اس طرز پر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کیجانب سےشروع کیےجانے والے تمام منصوبے میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھ کر شروع کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ سکولز ایجوکیشن نے اساتذہ کے تبادلوں کے لیے دوسرے فیز کا اعلان کردیا، تبادلوں کا دوسرا فیز 15 سے اگست شروع کیا جائے گا،سکینڈ فیز میں انٹر اور انٹرا ڈسٹرکٹ تبادلے کیے جائیں گے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن اساتذہ سے تبادلوں کے لیے درخواست طلب کرے گا، پہلے فیز میں پنجاب بھر کے 10ہزار سے زائد اساتذہ کے تبادلے کیے گئے تھے۔
علاوہ ازیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے انسداد ڈینگی فوکل پرسنز کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر نوٹس لے لیا، تمام اتھارٹیز کو رجسٹرڈ ٹیب سے انسداد ڈینگی رپورٹ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسنز ڈینگی سرگرمیوں کی رپورٹ جمع نہیں کرا رہے، سیکرٹری ایجوکیشن نے تمام اتھارٹیز کو رجسٹرڈ ٹیب سے فوکل پرسنز کی انسداد ڈینگی رپورٹ یقینی بنانے کی ہدایت کردی، عدم تعاون پر متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے حکام ذمہ دار ہونگے۔