(راﺅ دلشاد) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید صفائی پلان کی مناسبت سے تیاریاں مکمل کرلیں، تیاریوں کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد، ورکرز کو آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت، ایم ڈی اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ شہر کی 45 سڑکوں اور ویسٹ پوائنٹس پر عرق گلاب کا سپرے کیا جائے گا۔
ٹاؤن ہال میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام عید قرباں کی مناسبت سے تربیتی سیمینار میں ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی محمد اجمل بھٹی، جی ایم آپریشن سہیل ملک، سربراہ کمیونیکیشن جمیل خاور، جی ایم ایچ آر فرخ بٹ، شعبہ آپریشن کے افسروں اورورکرز نے شرکت کی۔
اجمل بھٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہر کی 45 سڑکوں کا 6 سو کلو میٹر اور ویسٹ پوائنٹس پر عرق گلاب کا سپرے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ڈمپنگ سائٹس کی تعداد تین سے بڑھا کر 5 کردی گئی ہے، ٹبہ اور سندر کی سائٹس کو بھی استعمال کیا جائے گا۔
ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ گزشتہ برس 52 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو ٹھکانے لگایا،عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنا محکمے کی ذمہ داری ہے۔