(درنایاب) کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کیلئے تجاویز مرتب کرنے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کثیر المنزلہ عمارتوں کے فروغ کے لئے نقشہ منظوری آسان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاﺅن میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے کی، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد عثمان معظم، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے صدر انجینئر اکبر شیخ، آرکیٹیکٹ خالد عبدالرحمن، کونسل آف آرکیٹیکٹس کے وائس چیئر مین خرم فرید، ماہر ماحولیات علیم بٹ، سینئر ٹریفک آفیسر آصف خان اورچیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اخترزیدی، چیف ٹاﺅن پلانر طارق محمود‘ محکمہ بلدیات، ہاﺅسنگ، واسا، نیسپاک اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لئے نقشوں کی منظوری کا عمل آسان بنایاجائے گا، عمارتوں کی بلندی کے اعتبار سے خصوصی بلڈنگ زون بنائے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان علاقوں میں ضرورت کے مطابق واٹر سپلائی ، سیوریج سسٹم اور دیگر انفراسٹرکچر تعمیر کیاجائے گا، عمارتوں کی چھتوں پر روف ٹاپ گارڈننگ بھی متعارف کروائی جائے گی۔
وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا کہ تعمیراتی قوانین میں تبدیلی کیلئے شہریوں کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا، زمینی حقائق اور زمانی ضروریات کے مطابق تعمیراتی قوانین میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔