پی ٹی آئی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا

8 Apr, 2024 | 11:18 PM

سٹی42: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ کے ارکان کے انتخاب مین زور و شور سے حصہ لینے اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کے 11 ارکان کا باقی ملک کے ساتھ انتخاب ناممکن بنانے  کے بعد سینیٹ کے چئیرمین کے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا۔

کل  منگل 8 اپریل کو ہونے والے سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب  میں پی ٹی آئی کے سینیٹر ووٹ نہیں دیں گے۔ 

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین اور  ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب  میں پی ٹی آئی کے سینیٹر بائیکاٹ کرین گے۔ تاہم پی ٹی آئی نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ ان کے سینیٹر  ایوان بالا کے چئیرمین کے انتخاب کے دوران شور شرابا کرنے کے لئے ایوان میں جائیں گے یا نہیں۔

پی ٹی آئی نے سینیٹ کے چئیرمین کے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان بظاہر خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کے 11 ارکان کا انتخاب نہ ہونے کے خلاف احتجاج کے لئے کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پختونخوا سے 11 ارکان کے انتخاب کے بغیر سینیٹ کے چئیرمین کا انتخاب غیر آئینی ہے۔

الیکشن کمیشن کی پوزیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں 25 منتخب ارکان سے سپیکر کے حلن نہ لینے کے بعد ان ارکان کی جانب سے سینیٹ کے ارکان کا الیکشن رکوانے کی تحریری درخواست پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں 11 سینیٹروں کا الیکشن عین آخری لمحہ رکوا دیا تھا۔ اس الیکشن  سے پہلے پشاور ہائی کورٹ نے باقاعدہ حکم جاری کیا تھا کہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے تمام منتخب ارکان سے رکنیت کا حلف لینے کا بندوبست کریں۔ ان منتخب ارکان کا تعلق اپوزیشن پارٹیوں سے ہے اور اب تک ان سے رکنیت کا حلف نہین لیا گیا۔ رکنیت کا حلف لئے بغیر یہ ارکان سینیٹ کے ارکان کے انتخاب میں اپنا ووٹ کا حق استعمال نہین کر سکتے تھے، وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی کارروائی مین بھی کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اعلامیہ

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے آج پیر کے روز میڈیا اور سوشل میڈیا کو جاری کئے گئے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کی ایوان میں موجودگی تک چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ملتوی کیا جائے۔

کور کمیٹی کا کہنا ہےکہ وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب غیر آئینی ہے۔ وفاق کی اکائی خیبرپختونخوا کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا تعصب  ومنافرت پھیلانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

پی ٹی آئی نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف درخواست سیکرٹری سینیٹ کو جمع کروائی ہے جب کہ اس انتخاب کو  عدالت میں بھی چیلنج کرنے کے لئے درخواست دی ہے۔

مزیدخبریں