علی ظفر کا پہلا 'سرائیکی' گانا کب ریلیز ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی

8 Apr, 2024 | 12:21 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اپنے پہلے ‘سرائیکی’ گانے کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

علی ظفر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے پہلے سرائیکی گانے ‘بالو بتیاں’ کی مختصر ویڈیو کلپ پوسٹ کی، اس گانے میں اُنہوں نے سرائیکی ثقافت کو فروغ دیا ہے جبکہ پوسٹ دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ علی ظفر اپنے پہلے سرائیکی گانے میں مشہور پاکستانی موسیقار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے ہمراہ گلوکاری کریں گے۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ میں عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو سرائیکی زبان کا لیجنڈ موسیقار قرار دیتے ہوئے اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ  سرائیکی میں گانا گا کر خوبصورت سرائیکی ثقافت اور شاعری کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا اعزاز صرف عطاء اللہ صاحب کے پاس ہے، ان کے علاوہ کوئی دوسرا موسیقار یہ نہیں کرسکتا۔

اُنہوں نے عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو راک اسٹار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عطاء اللہ صاحب نے سات زبانوں میں 50 ہزار سے زیادہ گانے ریکارڈ کیے اور سب سے زیادہ آڈیو البمز ریلیز کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا، یہ ریکارڈ 1994 میں قائم کیا گیا تھا۔

آخر میں علی ظفر نے مداحوں کے لیے عیدالفطر کے تحفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا پہلا سرائیکی گانا ‘بالو بتیاں’ چاند رات پر ریلیز کیا جائے گا۔علی ظفر کے اعلان کے بعد مداح اُن کے پہلے سرائیکی گانے کے لیے پُرجوش ہوگئے ہیں، مداحوں کا کہنا ہے کہ اُردو، سندھی، بلوچی اور پشتو زبان کے گانوں کی طرح گلوکار کا سرائیکی زبان میں گانا بھی سُپر ہٹ ہوگا۔

مزیدخبریں