ایرانی فوج کے سرپراہ کی اسرائیل کیلئے بڑی دھمکی

8 Apr, 2024 | 12:29 AM

Waseem Azmet

سٹی42: ایران نے ایک حیران کن اقدام کرتے ہوئے  دنیا بھر کے ممالک میں قائم اسرائیل کے سفارتخانوں کو اپنا "ہدف" قرار دے دیا۔

ایران کی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل حمد حسین بغیری نے ایک غیر معمولی بیان میں کہا ہےکہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے حملے کا جواب دیا جائے گا، ایران اپنے ردعمل کا وقت اور طریقہ کار خود طے کرے گا۔ دوسری طرف اسرائیل نے دمشق میں پانچ روز پہلے ہونے والے  اس واقعہ میں ملوث ہونے سے  انکار کیا ہے جس میں ایران کی پاسداران انقلاب کے دو  جنرل بیک وقت مارے گئے تھے۔  بین الاقوامی قوانین کے مطابق سفارتخانوں کو خصوصی تحفظ حاصل ہوتا ہے اور ہر سفارتخانہ کی حفاظت اس کے میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

جنرل محمد حسین بغیری پہلے بھی کئی مرتبہ اسرائیل اور امریکہ کو مختلف حوالوں سے وارننگز دے چکے ہیں تاہم اتنے سخت لب و لہجے میں سنگین نوعیت کی وارننگ غیر معمولی اقدام ہے جسے ایران کے اندر اور شام میں ایرانی مفادات پر اوپر تلے کئی بھاری نقصان کے حامل حملوں کے تناظر میں غیر معمولی   قرار دیا جا سکتا ہے۔

 ایرانی آرمی کے سربراہ جنرل بغیری نے کہا کہ شام میں ایرانی سفارتخانے پر حملہ اسرائیل کا خودکش مشن تھا، ایران ایسی جوابی کارروائی کرےگا جس کےبعد اسرائیل کو اپنے اقدامات پر پچھتاوا ہوگا۔

یواف گیلت کا بیان

 ایران کی جانب سے  اسرائیل کے خلاف حملوں کے بیانات کے بعد اسرائیل کے  وزیر دفاع یواف گیلت نے کہا کہ ایران کی طرف سے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ اسرائیل کے یواف گیلت نے کہا کہ ایران کے  پیدا کردہ کسی بھی منظر نامے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔

دمشق  میں پاسداران انقلاب کے جنرل رضا زاہدی اور جنرل  محمد ہادی حضریحیمی کی موت 

 گزشتہ دنوں  شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پرحملے میں 8 افراد  مارے گئے تھے جن کی متعلق ایران نے تصدیق کی کہ اس حملہ میں پاسدارانِ انقلاب کے دو جنرلز  کے ساتھ پانچ دیگر پاسداران اہلکار بھی  مارے گئےتھے۔ لبنان کی حزب اللہ نے بھی اس حملہ میں اپنے ایک کارکن حسین یوسف کے مرنے کی تصدیق کی۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق  اس حملے میں ایرانی قونصلیٹ کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی  تھی جب کہ ایران کے سفارت خانے کی مرکزی عمارت برقرار ہے۔ 

اس حملے میں مرنے والوں میں سے پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر رضا زاہدی ایران کے سینئیر ترین جنرلز میں سے ایک تھے اور جنرل قاسمی کے بعد شام میں ایران کے آپریشنز کی کمانڈ میں کلیدی کردار تھے۔جنرل زاہدی کے متعلق کہا جاتا ہے کہ انہوں نے نے 2016  سے گزشتہ ہفتے مرنے تک لبنان اور شام میں قدس فورس کی قیادت کی۔

 اس حملے میں جنرل محمد ہادی حضریحیمی اور پانچ دیگر افسران بھی مارے گئے۔

ایران نے اس حملہ کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا تھا لیکن اسرائیل نے اس حملہ میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا تھا۔  اس کے برعکس  تاہم اسرائیل کی فوج کے  ترجمان نے جنوبی اسرائیل میں ایک بحری اڈے پر پیر کی صبح ہونے والے ڈرون حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا۔

مزیدخبریں