ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کے نشانے پر، تحریک عدم اعتماد جمع

8 Apr, 2022 | 07:56 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کے بعد اپوزیشن نےڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔

تفصیلات کےمطابق  پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کا کہناتھا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی۔ اپوزیشن رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔

  فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم تو کہہ رہے ہیں کہ تحقیقات کریں اگر ہم ملوث پائے گئے تو سزا دیں،ہم وہ سیاسی پارٹی نہیں ہیں جو پی ٹی آئی کے ساتھ ہاتھ نہ ملائیں،خیبرپختونخوا میں بھی عدم اعتماد کی تحریک بھی جمع ہوگئی ہے،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں گے،کل ہمارے 178 نمبرز پورے ہوں گے۔

عدم اعتماد کی تحریک کے متن میں کہا گیا کہ قاسم سوری نے ایوان چلاتے ہوئے بدترین مثال قائم کی،  ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن کو اس کے جمہوری حق سے محروم کیا، سپریم کورٹ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو آئین سے متصادم قرار دے چکی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی سردار بابک نے تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کے موقع پر بات کرتے ہوئے  کہا کہ  بوکھلاہٹ کی وجہ سے اسمبلی رولز پر حملے ہو رہے ہیں۔  اپوزیشن ارکان سردار بابک، خوش دل خان و دیگر نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔

پارلیمانی لیڈر اے این پی سردار حسین بابک کا تھا کہ اپوزیشن لیڈر اور تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت غیر آئینی اقدامات کو روکنے کے لیے تحریک عدم اعتماد جمع کی ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی خوشدل خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد، اراکین کی تعداد 20 فی صد سے زیادہ ہے۔

مزیدخبریں