متحدہ اپوزیشن نے پی ٹی آئی کو بڑی پیشکش کردی

8 Apr, 2022 | 12:49 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے  پاکستان تحریک انصاف کو مصالحت کی پیشکش کردی۔ 

نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جمعرات کو ڈپٹی سپیکر رولنگ کیخلاف ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آتے ہی پی ٹی آئی کو مصالحت کی پیشکش کی تاکہ انتخابی اصلاحات میں تمام سیاسی جماعتوں کی مرضی شامل کی جا سکے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد یہ پیشکش کی ہے جو صرف انتخابی اصلاحات تک محدود ہے لیکن اگر پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کسی اور ضمن میں بھی تعاون پر رضامندی کا اظہار کیا گیا تو اس پر بعد میں غور و فکر کیا جائے گا۔ 

ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل آج ہی مستعفی ہو سکتے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمااور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار رواں ماہ کے آخر تک وطن واپس پہنچیں گے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کور ٹ نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر دی گئی رولنگ کیخلاف ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے کر اسمبلیاں بحال کردیں، عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف 9 اپریل بروز ہفتہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ اس کی کامیابی کی صورت میں اسی روز نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی کیا جائے۔ 

مزیدخبریں