تبدیلی سرکار کے دور میں تعلیم کو نظر انداز کرنے کی ایک اور داستان

8 Apr, 2022 | 11:04 AM

(جنید ریاض) بجٹ کی قلت کی وجہ سے میٹرک کے طالبعلموں کیلئے کمپیوٹر سائنس کے پریکٹیکل کی کاپیاں نئے سلیبس کے مطابق پبلش ہی نہ کروائی جاسکیں، امتحان سے تین ہفتے قبل اضافی کتابچہ چھاپ دیا گیا۔

تبدیلی سرکار کے دور میں تعلیم کو نظر انداز کرنے کی ایک اور داستان، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے میٹرک کی کمپیوٹر سائنس کے پریکٹیکل کی کاپیاں نئے سلیبس کے مطابق چھاپنے کی بجائے اضافی کتابچہ چھاپ دیا ہے۔ کمپوٹر سائنس کے کتابچہ میں 49 نئے پریکٹیکلز کو شامل کیا گیا ہے۔ طالبعلموں کو عملی امتحان میں ایگزامینرز کو پریکٹیکل کاپی کے ساتھ کتابچہ بھی جمع کروانا ہوگا۔

اس سلسلے میں والدین کا کہنا ہے کہ امتحان سے تین ہفتہ قبل کتابچہ جاری کرنے سے طالب علم متعلقہ پریکٹیکلز کی تیاری کیسے کریں گے،اب تو میٹرک کے طالبعلموں نے سکول جانابھی چھوڑ دیا ،کمپیوٹرسائنس کے نئے سلیبس کے ساتھ پریکٹیکل کاپیاں بھی سال قبل پبلش کی جانا چاہیے تھیں۔

پی سی ٹی بی کے مطابق تبدیل شدہ سلیبس کیلئے اضافی کتابچہ بچوں کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بجٹ کی قلت کی وجہ سے پریکٹیکل کی نئی کاپیاں پبلش نہیں کروائی جاسکی ہیں۔

مزیدخبریں