(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف عدالتی فیصلے کو آئین کی سربلندی قرار دیدیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی تحریک عدم اعتماد پر رولنگ کو غیرآئینی، اسمبلیوں کی تحلیل اور دوبارہ انتخابات کا اعلان کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت عظمیٰ نے سپیکر کو ہفتہ (9اپریل) کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیدیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ قوم کو آئین کی سربلندی بہت بہت مبارک ہو، آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کیلئے تمام ہوا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وزیرِاعظم شہباز شریف انشاءاللہ‘۔ پاکستان کو عوام دشمن، نالائق ترین، نا اہل ترین اور ناکام ترین حکومت سے نجات بھی بہت بہت مبارک ہو۔