(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان کے مستعفی ہونےکا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان وزیراعظم کے آج قوم سے خطاب کا انتظار کررہے ہیں جس کے بعد ان کے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔وفاق میں حکومت کی تبدیلی کے بعد نیا گورنر تعینات کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
اس حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان سے بات کروں گا البتہ بحیثیت گورنر اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دے رہا ہوں۔
خیال رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی اجلاس ہرصورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔