(جنید ریاض) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انگلش ٹیچرز کیلئے 3 اضافی انکریمنٹس کی منظوری دیدی، فنانس ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں انگریزی پڑھانے والے اساتذہ کیلئے خوشخبری آگئی، پنجاب حکومت نے انگلش ٹیچرز کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا، دوران سروس بی ایس سی اور ایم ایڈ کرنیوالے انگلش ٹیچرز کو 3 اضافی انکریمنٹس دیئے جائیں گے۔
محکمہ خزانہ نے بھی 3 سالانہ انکریمنٹس کی ادائیگی کیلئے احکامات جاری کر دیئے، انگلش ٹیچرز کے مطالبہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیجانب سے منظور کیا گیا،وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد فنانس ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نائب صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن آصف گوہر کا کہنا ہے کہ مطالبہ کی منظوری پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مشکور ہیں۔
دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 180 سبجیکٹ اسپشلسٹ کو گریڈ 18 میں ترقی دے دی، ترقی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ،سبجیکٹ اسپشلسٹ کو سینئر سبجیکٹ اسپشلسٹ،سینئرہیڈ ماسٹر اور ڈپٹی ڈی ای اوز کے عہدے پر ترقی دی گئی ، ترقی پانے والے 180 اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ ای ٹرانسفر کے ذریعے ہوگی۔
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے 56 پرائمری اساتذہ کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے، ایجوکیشن اتھارٹی نے اساتذہ کو مستقل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق مذکورہ اساتذہ کو سال 2016 میں بھرتی کیا گیا تھا، 56 اساتذہ کو کنٹریکٹ کی 5 سالہ مدت مکمل ہونے پر مستقل کیا گیا، اساتذہ مستقل ہونے کے بعد متعلقہ سکولز میں ہی فرائض سرانجام دیں گے۔