لاہور میں تجاوزات کی بھرمار، دکانیں آدھی سے زائد سڑکوں تک پھیل گئیں

8 Apr, 2021 | 12:18 PM

Sughra Afzal

شہر بھر سے (فاران یامین، کومل اسلم) شہر میں تجاوزات کی بھرمار، دکانیں آدھی سے زائد سڑکوں تک پھیل گئیں، فٹ پاتھ پر بھی ریڑھی بانوں نے قبضہ جما لیا، ریڑھی مافیا نے فٹ پاتھ بھی نہ چھوڑے، غیرقانونی پارکنگ نے ٹریفک مسائل میں اضافہ کر دیا، شہری پریشانی سے دوچار جبکہ انتظامیہ منظرعام سے غائب ہے۔

شہر میں جس جگہ چلے جائیں تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کی بھرمار ہے، حاجی کیمپ سے ملحقہ روڈ پر ریڑھی مافیا آدھی سے زیادہ سڑک پر قابض ہے، رہی سہی کسر موٹرسائیکل کی پارکنگ نے نکال دی ہے، ہال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، رنگ محل، دہلی دروازہ، ہر کوئی سڑک پر قبضہ جما کے اپنا مال فروخت کر رہا ہے تو کوئی سر راہ اپنی گاڑی پارک کر کے غائب ہے، اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

دہلی گیٹ کے باہر ٹی سٹالز اور مصالحہ جات کی دکانیں لگا کر برآمدے میں قبضہ کرلیا گیا ہے ، اس کے آگے فٹ پاتھ پھر رکشے والے اور ریڑھی بان اپنا کاروبار چمکائے ہوئے ہیں، رنگ محل کے مکینوں کیلئے ایمرجنسی میں میو ہسپتال تک جانا محال ہے، حاجی کیمپ لنڈا بازار میں تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کو ذہنی اذیت سے دوچار کر دیا ہے، جگہ جگہ کپڑوں اور جوتوں کے سٹال لگنے سے شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہے۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث چند منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولنس کو بھی راستہ میسر نہیں ہوتا، ضلعی انتظامیہ سب جانتے ہوئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ انتظامیہ کی ملی بھگت کے بغیر تجاوزات ممکن نہیں، ٹریفک کی روانی تعطل کا شکار جبکہ پیدل چلنا بھی دشوار ہے، ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولٹن کارپوریشن کی کارروائیاں صرف دکھاوے کی حد تک ہیں۔

مزیدخبریں